خبرنامہ پاکستان

نیب سے ایک ہفتے میں محکمہ ریلوے میں کرپشن سے متعلق تفصیلات طلب

اسلام آباد:(آئی این پی) قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے نیب سے ایک ہفتے میں محکمہ ریلوے میں کرپشن سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔نیب حکام نے قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کو 25 لوکو موٹو انجنوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام نے ہمیں یہ کیس ختم کرنے کو کہا ہے جس پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کو کبھی کیس ختم کرنے کا نہیں کہا، تحقیقات میں تاخیر کی اصل وجہ نیب ہے جو 3 سال سے کیس کو دبا کر بیٹھا ہے، کمیٹی کے سامنے نیب کے کسی سینئر افسر کو پیش ہونا چاہیئے تھا۔وزیرریلوے نے موقف اختیار کیا کہ چین سےریلوے کےانجنوں کی خریداری کی تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا،ایف آئی اے مارکیٹ سےانجینئر لےکرانجنوں کی خریداری کی تحقیقات کرے گا جب کہ نیب سےتحقیقات اس لئے نہیں کروارہے کیونکہ نیب پر تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے خریدے گئے لوکو موٹو سستے انجن ہیں جس کی وجہ سے مسائل آئیں گے تاہم اب ریلوے کو ہدایت کردی ہے کہ اب امریکی یا یورپین کمپنیوں سےانجن خریدے جائیں، محکمہ ریلوےکےپاس اپناریسرچ اورڈیولپمنٹ کامحکمہ نہیں اور ہم نے انجنوں کی درآمد کا پروفائل بڑھا دیا ہے۔قائمہ کمیٹی نے نیب حکام اور وزیرریلوے کی بریفنگ کے بعد آئندہ اجلاس میں متعلقہ ڈی جیز کو طلب کرتے ہوئے نیب سے ایک ہفتے میں لوکوموٹوانجنوں کے معاملے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔