خبرنامہ پاکستان

نیب لاہورکی جانب سے3 ماہ میں 34 کروڑ سےزائد رقم کی وصولی

لاہور:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے 3 ماہ میں 34 کروڑ 58 لاکھ سے زائد رقم وصول کی جبکہ اسی عرصے میں متاثرین میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بھی تقسیم کی۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سنہ 2018 کی دوسری سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2018 کے دوران 3 ہزار 691 شکایات موصول ہوئیں۔

نیب لاہور نے پلی بارگین سے 3 ماہ میں 34 کروڑ 58 لاکھ سے زائد رقم وصول کی، نیب نے 3 ماہ کے دوران متاثرین میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی۔ 3 ماہ کے دوران 19 افراد کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی۔

رپورٹ کے مطابق کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی میں 62 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بڑی گرفتاری سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی تھی، علاوہ ازیں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او کو گرفتار کیا گیا۔

نیب رپورٹ کے مطابق عمران علی یوسف کے فرنٹ مین اکرام نوید اور صاف پانی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ قمر الاسلام کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نیب لاہور میں 167 انکوائریز زیر غور ہیں، 38 انکوائریز منظور کی گئیں۔ 10 انکوائریز کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا گیا۔ نیب لاہور میں اس وقت 49 کیسز کی تحقیقات جاری ہیں، 8 کو ریفرنس میں تبدیل کیا گیا۔

نیب لاہور نے 8 مزید ریفرنس فائل کیے اور 11 ریفرنسز کا فیصلہ سنایا۔ نیب پراسیکیوشن نے 3 ماہ کے دوران 9 افراد کو سزائیں بھی دلوائیں۔