خبرنامہ پاکستان

نیب میچور ادارہ ہے اور اس کو چلنے دینا چاہیے،پرویز مشرف

کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نیب ایک میچور ادارہ ہے اور اس کو چلنے دینا چاہیے،15 سال میں نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، ملک کی ترقی میں اصل رکاوٹ کرپشن ہے، سی پیک اہم منصوبہ ہے، جلد مکمل ہونا چاہیے، منصوبے کیلئے جو بھی مختصر راستہ ہے وہی اختیار کیا جائے، مشرقی یا مغربی روٹ کی باتیں کر کے اقتصادی راہداری کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔۔وہ ہفتہ کو یہاں قومی سلامتی پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا کہ قومی سلامتی پر سیمینار ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو میچور ہونے میں وقت لگتا ہے،نیب ایک میچور ادارہ ہے اور اس کو چلنے دینا چاہیے،15 سال میں نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے،نیب میں ریفارمز کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں اصل رکاوٹ کرپشن ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے سول سوسائٹی فورم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل غیر سیاسی فورم ہو گا، یہ فورم ملک کیلئے تھنک ٹینک کے طور پر کام کرے گا، فورم پر ملک کو درپیش مسائل پر بحث و مباحثہ اور تجزیہ کیا جا سکے گا، ملک کے مسائل کو اس فورم سے اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے کو جلد مکمل ہونا چاہیے، منصوبے کیلئے جو بھی مختصر راستہ ہے وہی اختیار کیا جائے، مشرقی یا مغربی روٹ کی باتیں کر کے اقتصادی راہداری کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔(اح)