خبرنامہ پاکستان

نیب: ناجائزاثاثےبنانےکا الزام، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسرہری پورگرفتار

اسلام آباد: (اے پی پی) قومی احتساب بیورو نے ناجائز ذرائع سے 28.87 ملین روپے کے اثاثے بنانے کے مبینہ الزامات پر محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ہری پور توحید الحق کو گرفتار کر لیا۔ قومی احتساب بیورو نے مذکورہ ملزم کا ناجائز ذرائع سے اثاثے بنانے کا معاملہ سامنے آنے پر انکوائری شروع کی۔ انکوائری کے دوران نیب نے ملزم اور اس کے زیرکفالت افراد کی منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ نیب کو معلوم ہوا کہ ملزم نے ناجائز ذرائع سے اثاثے بنائے ہیں۔ ملزم کی 12 کنال اراضی موضع عزیر آباد چارسدہ اور موضع نواں شہر شمالی ایبٹ آباد میں ہے۔ 200 مربع فٹ پلاٹ کینال روڈ سواں گارڈن اور سویلین ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں ہے۔ 5 مرلہ پلاٹ بڈانی پشاور میں ہے۔ 5 مرلہ کے 2 قیمتی پلاٹ سفاری ویلی رفیع بلاک بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ہیں۔ 10 مرلہ پلاٹ بڈانی پشاور میں، 500 مربع فٹ پلاٹ منسٹری آف انٹیریئر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں، ایک پلاٹ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں، ایک کنال پلاٹ کرنل امان اﷲ روڈ موضع کوٹ ہتیال تحصیل و ضلع اسلام آباد میں، 8 مرلہ گھر کیانی روڈ بہارہ کہو اسلام آباد میں، 32 مرلہ پلاٹ موضع مہرہ نور اسلام آباد میں، 5 مرلہ کے 2 قیمتی پلاٹ بحریہ انکلیو اسلام آباد میں، ڈی ایچ اے اسلام آباد میں تین قیمتی پلاٹ اور بحریہ انکلیو اسلام آباد میں 10 مرلہ پلاٹ ہیں۔ ملزم 4 قیمتی گاڑیوں کا مالک بھی ہے۔ تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔