خبرنامہ پاکستان

نیب نےراجہ پرویزاشرف طلب کرلیا

لاہور(آئی این پی) نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو پیپکو میں غیر قانونی بھرتیاں کرنے کے الزام میں طلب کرلیاجبکہ راجہ پرویز اشرف نے بیماری کے باعث پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے تحریری بیان جمع کرانے کی پیشکش کردی ہے۔بتایاگیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب راجہ پرویز اشرف وزارت پانی وبجلی کے وفاقی وزیر تھے تو ان کے دور میں پیپکومیں غیر قانونی بھرتیاں ہوئی تھیں جس پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے ۔ نیب لاہور نے گزشتہ دنوں ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کی گرفتاری کے بعد سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو بھی نوٹس بھیج کر طلب کرلیا ہے نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں راجہ پرویز اشرف کو تحقیقات کا حصہ بننے کیلئے کہا گیا ہے ۔دوسری طرف راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے نیب کو اپنے جواب میں کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے اگر نیب حکام کو کوئی تحریری وضاحت چاہیے تو وہ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔