اسلام آباد:(ملت آن لائن) نیب نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے خواجہ آصف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق ثبوت مانگ لیے، معاون خصوصی عثمان ڈار نے نیب حکام کے سامنے پیش ہونےکا فیصلہ کیا ہے، عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو خط ارسال کیا، خط میں نیب نے عثمان ڈار تحقیقات سے متعلق اہم مواد لیے ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا خواجہ آصف کی غیر ملکی سرمایہ کاری سےمتعلق ثبوت دیے جائیں۔
خیال رہے عثمان ڈارنےخواجہ آصف کےخلاف تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کیا تھا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے نیب حکام کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کرپشن، منی لانڈرنگ اور فارن فنڈنگ کے ثبوت دوں گا، خواجہ آصف نے بطور وزیر قومی خزانے کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اقامہ کی آڑ میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کے ریکارڈ توڑے، وفاقی وزیر ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنیوں میں ملازمت کی، خواجہ آصف کی کرپشن کے حقائق نیب کے سامنے رکھوں گا۔
یاد رہے عثمان ڈار نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں، نیب کو یہ اقدام بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، چیئرمین نیب مجھے بلائیں گے تو ثبوت پیش کروں گا۔
خیال رہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار دوسرے نمبر پر تھے۔
جس کے بعد تحریک انصاف کے امیدوارعثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی ، تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔
بعد ازاں 22 ستمبر کو این اے 73 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں مسلم لیگ نون کے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کی تھی اور کہا تھا خواجہ آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔