خبرنامہ پاکستان

نیب نے نوازشریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کا ریکارڈ مانگ لیا

نیب نے نوازشریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کا ریکارڈ مانگ لیا

لاہور:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف کی بطور وزیراعظم قومی اسمبلی میں تقریر اور حسین نواز اور مریم نواز کے ٹی وی انٹرویوز کی تفصیلات مانگ لیں۔ ڈی جی نیب لاہور آفس کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن کو خط لکھا گیا ہے۔ یہ خط ایون فیلڈ پراپرٹیز لندن سے متعلق نوازشریف، مریم نواز ، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف تحقیقات کے تناظر میں لکھا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے نیب لاہور نے ان الزامات کے تحت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا ہے ۔ خط میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بطور وزیراعظم قومی اسمبلی سے 5 اپریل 2016 اور 16 مئی 2016 کے خطاب کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، اس کے علاوہ حسین نواز اور مریم نواز کے ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویوز کی مصدقہ کاپی بھی فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔ نیب لاہور نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن کو تمام تفصیلات 26 دسمبر کو نیب لاہور میں دینے کو کہا گیا ہے۔