خبرنامہ پاکستان

نیب نے کام نہ کرنے کی ٹھان رکھی ہے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) نیب میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے کام نہ کرنے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے، عدالت نوٹس لیتی ہے تو نیب حرکت میں آتا ہے۔ عدالت کی جانب سے نیب میں موجود فوجی افسران کا معاملہ سٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دیا گیا۔ سماعت کے موقع پر نیب کے وکیل حشمت حبیب نے کہا کہ نیب افسران کو دھمکیاں اصل کام میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے استفسار کیا کہ کیا فوج سے نیب میں آنے والے افسران قانونی طور پر ادارے میں موجود ہیں؟ عدالت نے سیکریٹری سٹیبلشمنٹ سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے تقرریوں، تبادلوں اور ڈیپوٹیشن پر موجود افسران کا معاملہ بھی سٹیبلشمنٹ ڈویژن کو دیکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔