لاہور: نیب ٹیم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لے کر لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی جہاں (ن) لیگ کے صدر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے نیب کی تحویل میں موجود اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جاچکے ہیں اور وہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) افسران کی دو رکنی ٹیم شہباز شریف کے ہمراہ ہے اور انہیں پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 سے اسلام آباد لے جایا جارہا ہے۔
پولیس اور نیب راولپنڈی کی ٹیمیں شہباز شریف کو ایئرپورٹ سے پارلیمنٹ تک لائیں گی، نیب ٹیم شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کرے گی اور قومی اسمبلی اجلاس کے بعد سارجنٹ ایٹ آرمز شہباز شریف کو نیب ٹیم کے حوالے کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کریں گے اور اس موقع پر تمام ن لیگی ارکان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اگر اجلاس ایک دن سے زیادہ مدت کا ہوا تو شہباز شریف کو نیب تھانے کے حوالات میں رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔
نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن کی درخواست پر شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ اجلاس میں شریک ہوسکتے ہیں۔