اسلام آباد:(آئی این پی ) نیب نے سابق چیئرمین اسٹیل ملز معین آفتاب شیخ اور سابق صوبائی وزیرریونیوخیبر پختونخوا سمیت چارافراد کےخلاف کرپشن کےریفرنس دائر کرنےکافیصلہ کیاہے ۔چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق صوبائی وزیرسید مرید کاظم کیخلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سید مرید کاظم پرڈی آئی خان میں 1976 کنال اراضی غیرقانونی طور پر منتقل کرنے کا الزام ہے۔ دوسرا مقدمہ سلطان فلوراینڈ جنرل ملزملتان کے سعید احمد قریشی کے خلاف قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملزم نے لاکھوں ٹن سبزڈائزڈ گندم مہنگے داموں مارکیٹ میں فروخت کی۔ تیسرا ریفرنس کے پی بورڈ آف ریونیو کے سابق افسر احسان اللہ خان کیخلاف دائر کیا جائے گا، ملزم پر غیرقانونی طور پر نائب تحصیل داروں کو ترقی دینے کا الزام ہے۔ چوتھا کرپشن ریفرنس پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ اور سابق ڈائریکٹر ثمین اصغر کے خلاف دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 18 کروڑ 81 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔