اسلام آباد:(اے پی پی)سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ نیب کیخلاف نوازشریف اور زرداری کا اتحاد ہو چکا، وزیر اعظم نوازشریف کی چیئرمین نیب کوکی جانے والی تنبیہ الٹا چورکوتوال کو ڈانٹنے کے مترادف ہے۔لگتا ہے نوازشریف کو احتساب کا ہاتھ اپنی جانب بڑھتا محسوس ہو رہا ہے اوروہ تمام اخلاقی تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے نیب کودھمکارہے ہیں۔ وزیراعظم کے خطاب پرردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکز ی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہاکہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ کبھی جھوٹ نہیں بولامگرمشرف سے کی گئی ڈیل سے انکارکرتے رہے۔وہ اعتراف کریں کہ انھوں نے جان بچانے کیلیے جھوٹ کا سہارا لیا اورجدہ کے سرور پیلس میں پناہ لی۔ نوازشریف آصف زرداری کا پیٹ پھاڑکرقوم کی لوٹی دولت واپس لانے کے وعدے سے بھی مکرگئے اورتین سال میں پانچ ہزارارب روپے قرض لے کر ریکارڈ قائم کیا۔تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین نے کہا کہ اداروں کو تنبیہ کرنے کے بجائے وزیراعظم اپنی ذمے داری پوری کریں۔انھوں نے خود کو بچانے کیلیے نیب پر حملہ کیا۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہاکہ نیب پنجاب میں سورہا ہے، جس دن جاگ گیاکئی سیاستدانوں کی سیاست سوجائیگی، نوازحکومت پنجاب میں نیب اور رینجرز کی کارروائیوں میں رکاوٹ ہے اور نیب کیخلاف نواز شریف اورزرداری کااتحاد ہوچکاہے۔نیب نے کارروائیاں شروع کیں تو نواز شریف اور میٹرو بنانے والے گرفتار ہونگے۔