خبرنامہ پاکستان

نیشنل فرنٹ کی طر ف سے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

نیشنل فرنٹ کی طر ف سے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، نعیم احمدخان، شاہد الاسلام اور معروف تاجر ظہور وٹالی سمیت سینکڑوں کشمیری سیاسی نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اورجیلوں میں اْن کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام کے جملہ حقوق کو کھلے عام پامال کئے جانے کا سلسلہ سات دہائیوں سے جاری ہے جبکہ سیاسی نظربندوں کے حقوق پر بھی شب خون مارا جارہا ہے اور سلاخوں کے پیچھے اْن سے غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے اوران کی حالت ابتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ایک جانب عدالتی کارروائیوں اور قانونی موشگافیوں کا سہارا لے کر کشمیری نظربندوں کی رہائی میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں اور دوسری طرف بھارتی فورسز اور کٹھ پتلی انتظامیہ مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے نظربندوں کی اسیری کو طول دے رہے ہیں۔ترجمان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند نعیم احمد خان اور دیگر حریت رہنماؤں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حریت رہنماؤں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کیلئے انہیں غیر قانونی طورپر نظربند کر رکھا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ حریت ہرگز کمزور نہیں ہوگا۔ انہوں نے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی پرزوردیتے ہوئے عالمی برادری سیاپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرکے انصاف پسندی کے تقاضے پورے کرے۔