خبرنامہ پاکستان

نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ اورکامسیٹ کے،ایم او یو پر دستخط ہوگئے

اسلام آباد ۔ 03 فروری (ملت +اے پی پی)نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ اورکامسیٹ ملک کی مختلف جیلوں میں قید بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے مراکز قائم کریں گے۔وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مطابق نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ اور کامسیٹ کے درمیان اس سلسلہ میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے ملک کی مختلف جیلوں میں قید بچوں اور خواتین کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے ۔ابتدائی طور پر فیصل آباد کی بوسٹل جیل میں دو تعلیمی سینٹر قائم کیے جائیں گے اور دونوں ادارے ان مراکز میں مختلف سہولیات فراہم کریں گے ۔ایم او یو کے مطابق این سی ایچ ڈی تربیتی و تکنیکی مدد فراہم کر ے گاجبکہ کامسٹ اساتذہ اور ان کی تنخواہوں کا بندوبست گرے گا ۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر جیلوں کے نظام کی اصلاح اور وہاں قید بچوں او رخواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کامسیٹ اور سویٹ ہومز کے ساتھ مل کر گزشتہ ڈیڑھ دو برس سے کام کررہے ہیں جس کے بڑے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے ایک بیان میں کہا کہ ایم او یو پر دستخط سے جیلوں میں قید بچوں کی تعلیم وتربیت میں بہت مدد ملے گی اور وہ پر امن شہری بن کر جیل سے باہر آئیں گے ۔محمد سلمان فاروقی نے کہا کہ جیلوں میں بند قیدیوں کی فلاح و بہبود‘اصلاح اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔