لاہور:(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملے میں کارکن کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازلیگ ہمارےکارکنوں پر اتنا ہی ظلم کرے جتنا وہ کل برداشت کر سکے، اس قسم کی سیاست کے اثرات سےآپ بھی بچ نہیں سکیں گے۔آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملے کے حوالے سے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازلیگ کے غنڈوں نے پر امن کارکنوں پر حملہ کرکے اپنی آمرانہ سوچ کو ظاہر کیا ۔یہ سانحہ نوازلیگی وزراء کی جانب سے جلسوں میں استعمال کی گئی اشتعال انگیز زبان کا نتیجہ ہے۔انہوں نےکہا کہ حکمرانوں نے اس قسم کی سیاست کے اثرات سے خود بھی بچ نہیں سکیں گے،نوازلیگ ہمارے کارکنوں پر اتنا ظلم کرے جتنا وہ کل برداشت کر سکے،نواز لیگی غنڈوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کارکن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔