خبرنامہ پاکستان

ن لیگ اورپی پی نےنیب سے جان چھڑانےکی ٹھان لی

لاہور: (اے پی پی)حکمران جماعت مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے نیب سے جان چھڑانے کی ٹھان لی، میثاق جمہوریت کی شق تیرہ ڈی کے تحت نیب کے متبادل احتساب کمیشن قائم کرنے کیلئے کاوشوں کا آغازکردیا گیا ہے۔نیب نے کرپشن کیخلاف کارروائی کی تو پیپلزپارٹی اورن لیگ کو جمہوریت کی بقا کیلئے کئے گئے پرانے وعدے یاد آگئے،پیپلز پارٹی کو نیب کی جانب سے سندھ میں کارروائی پر ملال تھا تو پنجاب میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں پر ن لیگ بھی برہم نظر آئی، وزیراعظم نے تو نیب کی سرزنش بھی کی۔دشمن جب مشترک ہوا تو سیاسی اختلافات بھی پس پشت ڈال دیئے گئے، ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے نیب کے خلاف محاز بنانے کی ٹھان لی ہے،اس سلسلے میں درپردہ مشاورت بھی شروع ہوگئی ہے،میثاق جمہوریت کی شق تیرہ ڈی کے تحت معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔مجوزہ احتساب کمیشن کا سربراہ قائد ایوان، قائد حزب اختلاف اورخصوصی پارلیمانی کمیٹی کی مشاورت سے تعینات ہوگا،اتفاق رائے کی صورت میں پارلیمنٹ کے اندرموجود دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔