خبرنامہ پاکستان

ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کیسز میں فرق نہیں ہونا چاہیے: بلاول

ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کیسز میں فرق نہیں ہونا چاہیے: بلاول
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کیلئے احتساب کا نظام ایک جیسا ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کیسز میں فرق نہیں ہونا چاہیے لیکن کیسوں کی سماعت میں امتیاز برتا جا رہا ہے۔ پنجاب میں بھی جمہوریت پر عمل ہونا چاہیے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مردم شماری کو ن لیگ نے خود متنازع بنایا۔ کراچی سے فاٹا تک لوگ مردم شماری پر اعتراض کر رہے ہیں۔ تاہم مردم شماری پر ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا۔ ہم آئینی بحران سے بچنے کیلئے مردم شماری کے نتائج ماننے کو تیار ہیں لیکن ہمارے تحفظات دور کرنے کیلئے ن لیگ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے امکان کو سختی سے رد کر دیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیخلاف ہر سازش میں نواز شریف خود شریک رہے۔ مولانا فضل الرحمان نواز شریف کے دفاع میں بہت آگے جا رہے ہیں۔ ان کی اپنی پارٹی ہے وہ اسے دیکھیں کیونکہ نواز شریف کے مسائل ان کے اپنے ہیں۔