خبرنامہ پاکستان

(ن) لیگ نے گجرانوالہ اور راولپنڈی، پی ٹی آئی نے فیصل آباد میں پنڈال سجا لیا

(ن) لیگ نے

(ن) لیگ نے گجرانوالہ اور راولپنڈی، پی ٹی آئی نے فیصل آباد میں پنڈال سجا لیا

لاہور:(ملت آن لائن) چھٹی کے روز سیاسی جماعتوں نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے مختلف شہروں میں پنڈال سجا لیے۔ تحریک انصاف کی جانب سے فیصل آباد میں رکنیت سازی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے جب کہ حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی سیاسی پاور شو کے لئے سوات میں پنڈال سجا لیا۔ گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جلسے کا انتظام کیا گیا ہے جس سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سہ پہر 3 بجے خطاب کریں گے۔ جلسے کے لیے 30 فٹ چوڑا اور 100 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جب کہ شرکا کے بیٹھنے کے لئے 15 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ جناح اسٹیڈیم میں ایک خصوصی اسٹیج بھی تیار کیا گیا ہے جس پر 40 پہلوان بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب گوجرانوالہ میں 62 ارب روپے سے زائد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے مریم نواز خطاب کریں گیجس کے لئے فوارہ چوک پر اسٹیج سجا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جلسہ گاہ کے اطراف 2 ہزار سے زائد افسران اور جوان فرائض انجام دیں گے جس میں ایلیٹ فورس، اسپیشل برانچ اور لیڈیز پولیس بھی موجود ہوگی۔
تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم
تحریک انصاف کی جانب سے بھی فیصل آباد میں رکنیت سازی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے اور عمران خان فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کیمپوں کا دورہ اور خطاب کریں گے۔ عمران خان کے دورہ فیصل آباد کے لئے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی کے لئے ایک ہزار 268 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ پولیس کے مطابق تحریک انصاف کے ممبر شپ کیمپوں کے انعقاد کے باعث ٹریفک کے لئے متبادل پلان بھی تیار ہے اور ساڑھے تین سو سے زائد ٹریفک وارڈنز خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کا جلسہ
ادھر سوات کے گراسی گرؤانڈ میں عوامی نیشنل پارٹی بھی آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے جس کے لئے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ اے این پی کے سربراہ سربراہ اسفند یار ولی اور دیگر پارٹی قائدین جلسے سے خطاب کریں گے۔