خبرنامہ پاکستان

ن لیگ کا اس لہجے میں بات کرنا برملا مداخلت کی دعوت ہے، اعتزاز احسن

ن لیگ کا اس لہجے

ن لیگ کا اس لہجے میں بات کرنا برملا مداخلت کی دعوت ہے، اعتزاز احسن

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ ن لیگ کی طرف کردیا اور کہا کہ یہ لوگ ایک آئینی ادارے عدلیہ کے خلاف دھمال ڈلوا رہے ہیں۔ اعتزاز احسن نے سینیٹ سے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ جس طرح کے لہجے میں یہ بات کررہے ہیں اور جس طرح کی بغاوت پنجاب کی بیورو کریسی سے کروائی جارہی ہے یہ برملا مداخلت کی دعوت دے رہے ہيں۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ کہا بالکل درست کہا ان کی بات سے 100 فیصد متفق ہوں ۔
فرحت اللہ بابر سے آصف زرداری کے ترجمان کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ سے اپنے الوداعی خطاب میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بنتی جا رہی ہے اور ان میں کشمکش ہے، پارلیمنٹ نے ڈی فیکٹو ریاست ختم نہ کی تو ٹکراؤ ہوگا۔ فرحت اللہ بابر نے یہ بھی کہا تھا کہ اداروں کے درمیان اختیارات کے دائرہ کار میں پارلیمان ناکام رہا ہے، جب احتساب کمیٹی میں سب کے احتساب کی بات آئی، میری جماعت بھی پیچھے ہٹ گئی، پارلیمان کی خود مختاری ختم ہو رہی ہے۔ فرحت اللہ بابر کے اس بیان کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے فرحت اللہ بابر سے اپنے ترجمان کی ذمہ داریاں واپس لے لی ہیں۔