خبرنامہ پاکستان

ن لیگ کو جھنگ سے کوئی امیدوار نہ مل سکا

دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں جھنگ کی تمام نشستوں پر کلین سوئپ کرنے والی پاکستان مسلم لیگ ن کو اس بار جھنگ سے کوئی بہتر امیدوار ہی نہ مل سکے۔

جھنگ سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستیں خالی ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں پر صرف ایک امیدوار کو ہی ن لیگ ٹکٹ دے سکی۔

سابق ایم پی اے ن لیگ افتخار بلوچ نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ وابستگی رہی ہے لیکن اس دفعہ حلقے کے حالات و واقعات دیکھتے ہوئے اور سارے معاملات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ آزاد لڑیں گے۔

پیرآف سیال شریف نے بھی ن لیگ سے ہاتھ اٹھا لئے۔ پیر آف سیال شریف پیر حمیدالدین سیالوی کے بیٹے کہتے ہیں کہ میرے نزدیک انسان کو پہلے ملک کا وفادار ہونا چاہیئے اور جو پارٹی آپ کے ملک کے لیئے اور آپ کی عوام کے لیئے مثبت سوچ رکھتی ہو اس پارٹی کے ساتھ رہنا اور وابستگی زیادہ ضروری ہے۔

جھنگ میں اڑتالیس امیدوار قومی اسمبلی اور ایک سو بارہ امیدوار صوبائی کی نستوں سے میدان میں اتر رہے ہیں۔