خبرنامہ پاکستان

ن لیگ کے دلیرانہ فیصلوں نے عمران کو ذہنی مریض بنا دیا :پرویزرشید

اسلام آباد :(آئی این پی) مسلم لیگ ن نے عمران خان کے خطاب کو چور مچائے شور کے مترادف قرار دے دیا ، شہباز شریف کہتے ہیں سپریم کورٹ کو خط کے بعد احتجاج کا جواز نہیں ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے پی ٹی آئی چیئرمین کی تقریر جھوٹ کا پلندہ تھی ۔ پرویز رشید بولے کمیشن کامطالبہ کرنے والوں کو اب لینے کے دینے پڑ رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا وزیر اعظم نے خود کو خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کردیا ، کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا جاچکا ہے اس کے باجود احتجاج چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی تقریر کو مایوس کن اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا عمران خان کا واحد ہدف اقتدار کا حصول ہے ۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا وزیر اعظم کی سچائی کے سامنے عمران خان کے جھوٹ ہمیشہ بے نقاب ہوئے ، دلیرانہ حکومتی فیصلوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔