خبرنامہ پاکستان

واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شاہین ائیرلاین کی ملکی اورغیرملکی پروازیں مکمل طورپربند

سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کی واجبات ادا نہ کرنے کے باعث شاہین ائیر لاین کی ملکی اور غیر ملکی پروازیں مکمل طور پر بند ہوگئیں۔

واضح رہے کہ شاہین ایئرلائن کی ملکی و غیر ملکی پروازیں دو ماہ پہلے بند ہوگئی تھیں تاہم عدالت نے حج آپریشن کے دوران پانچ ہزار حاجیوں کی واپسی کے لیے پروازوں کی اجازت دی تھی۔

گزشتہ شب تیس ستمبر کی رات بارہ بجے حج پروازیں مکمل مکمل ہوگئیں جس کے بعد شاہین ایئرلائن مکمل ٹھپ ہوگئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق شاہین ایئرلائن نے ڈیڑھ ارب کی واجبات ادا نہیں کیے جبکہ سول ایوی ایشن کے الگ سے شاہین ایئرلائن پر ایک ارب چالیس کروڑ واجبات ہیں۔

واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شاہین ائیر لاین کے تمام بینک اکائونٹ منجمد کردے گئے تھے۔

دوسری جانب ایئر لائن نے دو ماہ سے اپنے ملازمین کی تنخواہیں نہیں دیں جس کے بعد ملازمین کو گھریلو پریشانیوں کا سامنا ہے۔

ایئرلائن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی ہفتے کے اندر دوبارہ بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔