خبرنامہ پاکستان

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ، 5 شہری زخمی ہوگئے

راولپنڈی (ملت + آئی این پی ) ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 5 شہری زخمی ہوگئے۔ پاک و ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری کے ہرپال اور چپراڑ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرز نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ 21 اکتوبر کے بعد سے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 4 شہری جاں بحق اور 21 زخمی ہوچکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور بھارت کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔ گذشتہ روز بھی ورکنگ باؤنڈری کے چپراڑ سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ اس سے قبل 24 اکتوبر کو ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری محمد لطیف اور ڈیڑھ سالہ بچی ہانیہ جاں بحق جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔