اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزارت خزانہ کی مایوس کن کارکردگی پر اسد عمر کی تبدیلی کا امکان ہے، وزیراعظم نے انٹرویو میں بھی ناقص کارکردگی والے وزراء کی تبدیلی کاعندیہ دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کی مایوس کن کارکردگی پراسد عمرکی تبدیلی کاامکان ہے ، حکومت کی جانب سے وزیرخزانہ کے لئے نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے ،جن میں شمشاد اختر سرفہرست ہے جبکہ مزید 2 ناموں پربھی غور کیا جارہا ہے۔
شمشاد اختر نگراں وزیرخزانہ اور گورنر اسٹیٹ بنک رہ چکی ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے انٹرویو میں بھی ناقص کارکردگی والےوزرا کی تبدیلی کاعندیہ دیاتھا۔
گذشتہ روز فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اسد عمر کے ساتھ کسی معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور لوگوں نے تنقید شروع کر دی ہے، تحریک انصاف عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے گی۔
اس سے قبل بھی وزیراعظم ہاؤس نے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفیٰ کی تردید کی تھی اور کہا تھا وفاقی وزیرخزانہ اسدعمر کے استعفیٰ دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔