خبرنامہ پاکستان

وزارت داخلہ نے ایک سے زائد شناختی کارڈ منسوخ کرنیکی اجازت دیدی

اسلام آباد:(آئی این پی)نادرا کے مطابق ملک بھر میں ایک سے زائد شناختی کارڈز رکھنے والوں کی تعداد ستانوے ہزار پانچ سو سے زائد ہے جن میں سے بانوے ہزار شناختی کارڈز کے کوائف ایک جیسے ہیں جبکہ پانچ ہزار شناختی کارڈز کے کوائف مختلف ہیں۔ وزارت داخلہ نے چند ماہ قبل دوہرے شناختی کارڈز کی منسوخی کا عمل روکتے ہوئے نئی پالیسی جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ کئی ماہ سے پالیسی موجود نہ ہونے کے باعث ہزاروں شہریوں کے بینک اکاؤنٹس بلاک ہو گئے اور فیملی رجسٹریشن کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا۔ نئی پالیسی کے تحت درخواست گزار کو ایک ہزار روپے فیس ادا کر کے بیان حلفی نادرا کے دفتر میں جمع کرانا ہو گا جسکے بعد درخواست گزار کے ایک سے زائد شناختی کارڈز منسوخ کر دئیے جائیں گے۔