اسلام آباد:(ملت آن لائن) دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ اور اطلاعات جعلی خبریں پھیلانے والے اکاؤنٹس کاجائزہ لیں ، امید ہے صحافی سوشل میڈیا پر کسی بھی چیز پر ری ٹوئٹ کرتے ہوئے محتاط رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں کہا وزارت داخلہ اور اطلاعات جعلی خبریں پھیلانے والے اکاؤنٹس کا جائزہ لیں، جعلی خبریں پھیلانے والوں کےخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے، امید ہے صحافی سوشل میڈیا پر کسی بھی چیز پر ری ٹوئٹ کرتے ہوئے محتاط رہیں گے۔
یادرہے گذشتہ روز سوشل میڈیا پر گردش کرتی آسیہ بی بی کی تصاویر کے حوالے سے ترجمان خارجہ کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہی ہے ، کہیں نہیں گئیں، سوشل میڈیا پر ان کی بیرون ملک روانگی کی خبریں اور تصاویر غلط ہیں۔
اس سے قبل مسیحی خاتون آسیہ بی بی کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آسیہ بی بی محفوظ جگہ پر پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ وہ آزاد شہری ہیں جہاں جانا چاہیں جا سکتی ہیں۔ ’پاکستان میں آزاد شہری کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔