خبرنامہ پاکستان

وزیرآباد میں مسافر بس اور وین میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی

وزیرآباد میں مسافر بس اور وین میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 15 زخمی

وزیرآباد: (ملت آن لائن) وزیرآباد میں مسافر بس اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیرآباد میں قینچی موڑ کے قریب راولپنڈی سے لاہور جانیوالی بس وین سے ٹکرا گئی، حادثے میں وین کے ڈرائیور سمیت 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال وزیرآباد اور ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا جبکہ 8 زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ کا شکار مسافر وین قلعہ دیدار سنگھ سے راولپنڈی جا رہی تھی، قینچی موڑ کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔
…………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…پی ٹی آئی کے کارکن کو اسلحہ دکھانے پر سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج

کراچی:(ملت آن لائن) پی ٹی آئی کے کارکن کو اسلحہ دکھانے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن پر سلمان مجاہد بلوچ کی جانب سے مبینہ طور پر اسلحہ تان کر دھمکیاں دینے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، علی زیدی اور کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے گزری تھانے پہنچ گئی جہاں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کی مدعیت میں رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے وزیر داخلہ سندھ سے رابطہ کیا اور معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس پر سہیل انور سیال نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ بعدازاں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو سلمان مجاہد کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کسی کو طاقت کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے، قانون سے کوئی بالا نہیں۔ انہوں نے سلمان مجاہد بلوچ کی سیکیورٹی واپس لینے کا بھی حکم دیا۔ ادھر پی ٹی آئی کے کارکن احسن علوی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شام یہ واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا تھا جب رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے زبردستی گاڑی نکالنے کی کوشش کی اور اس دوران ہماری اور ان کی گاڑی پھنس گئی، سلمان مجاہد بلوچ جو کہ ویگو گاڑی میں سوار تھے اور خود ہی گاڑی چلا رہے تھے راستہ نہ ملنے پر انھوں نے پہلے ڈرائیونگ سیٹ سے بیٹھے ہوئے اسلحہ دکھایا اور بعدازاں ان کے گارڈ بھی اتر آئے اور وہ بھی اسلحہ دکھا کر خوفزدہ کرتے رہے جبکہ سلمان مجاہد بلوچ نے مبینہ طور پر مجھے مغلظات بکیں۔