خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم آفس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم آفس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا،چمپیئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم استقبالیہ میں شرکت کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا.وزیراعظم آفس آمدپر وفاقی وزیراحسن اقبال اور عابد شیر علی نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا ۔

استقبالیہ کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا ۔وزیراعظم نواز شریف، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفراء، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز بھی تقریب میں شریک ہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان، چیف سلیکٹر انضمام الحق، ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، سابق کرکٹرز اور گورننگ بورڈ کے ارکان بھی موجود ہیں۔ جبکہ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہیں ۔
وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف محمد نواز شریف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو نقد انعامات سے نوازیں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کے فاتح قومی ہیروز پر انعامات کی برسات ہوگی اور ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ، مکی آرتھراور 4 معاون کوچز کو 50،50لاکھ، دیگر آفیشلز کو 25، 25لاکھ روپے انعام سے نوازا جائیگا،کاؤنٹی کرکٹ کیلیے انگلینڈ میں موجود پیسر محمد عامر تقریب میں شریک نہیں۔ محمد عامر کا چیک پی سی بی کا کوئی عہدیدار یا ساتھی کرکٹر وصول کرے گا، کوچ مکی آرتھر و دیگر غیرملکی کوچز بھی اپنے اپنے ملک میں موجودگی کے سبب موجود نہیں۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض کو وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک ایک کروڑروپے دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار پرفارمنس پر انعام کا اعلان کیا تھا۔