خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم، آصف زرداری،شہبازشریف، کا جہانگیر بدر کے انتقال پراظہار افسوس

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے لئے جہانگیر بدر کی سیاسی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پی پی رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے پی پی رہنما کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کو مضبوط کرنے کے لئے جہانگیر بدر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔جہانگیر بدر نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے لیے کام کیا وہ سیاسی اثاثہ تھے جن کی سیاسی خدمات باعث فخر ہیں۔ لاہور (آئی این پی )سابق صدر آصف علی زرداری،وزیراعلی پنجاب اوردیگررہنماؤں نیجہانگیربدر کے انتقال پراظہارافسوس کیا ۔آصف علی زرداری کا جہانگیربدر کے انتقال پر اظہار افسوس۔ مرحوم جہانگیر بدر ہمیشہ جمہوریت کے لیے لڑتے رہے۔ آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں جہانگیر بدر کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر بدر پی پی پی کا بہادر جیالا تھا جس نے ساری زندگی پی پی پی کے لیے جدوجہد کی۔ مرحوم ہمیشہ جمہوریت کے لیے لڑتے رہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کو جہانگیر بدر کی وفات کا سن کر شدید صدمہ ہوا ۔جہانگیر بدر اپنے نظریات کے پکے تھے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہوں نے نچلی سیاست سے نام پیدا کیا اور وہ ایک سچے ورکر کی طرح کام کرتے رہے۔ امیر سراج الحق سینٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جہانگیربدرنے طلبہ یونین سے پیپلز پارٹی تک اچھے سیاسی ورکر کے طور پر خدمات سرانجام دی ہیں۔ بلاول بھٹو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر بدر کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ قانون دان عاصمہ جہانگیر کی جانب سے بھی جہانگیر بدر کے انتقال پر اظہار افسوس۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے بھی جہانگیر بدر کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔