خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم (آج) کابینہ کی دفاعی کمیٹی کےاجلاس کی صدارت کریں گے

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف (آج) جمعہ کو کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور ‘ مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم‘ افغانستان کے ساتھ تعلقات سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔ کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اس اجلاس میں وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔ کابینہ کمیٹی میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں دیگر جو وزراء شریک ہونگے ان میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید شامل ہیں جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف‘ چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل سہیل امان‘ نیول چیف ایڈمرل ذکاء اﷲ اور دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام شریک ہونگے۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے امور پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص رینجرز کی کارکردگی پر بریف کرینگے۔ (ن غ/ط س)