خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم (آج) کالا شاہ کاکومیں بائی پاس کا سنگ بنیادرکھیں گے

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف (آج) جمعہ کو کالا شاہ کاکو میں لاہور مشرقی بائی پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 6 لین کا 16.5 کلو میٹر طویل لاہور مشرقی بائی پاس 28 ارب کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ بائی پاس پر حد رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ مشرقی بائی پاس کے منصوبے کی خاص اہمیت ہے، یہ نیازی انٹرچینج سے 3.3 کلو میٹر دور لاہور رنگ روڈ سے منسلک ہوگا۔ بائی پاس لاہور رنگ روڈ پر محمود بوٹی انٹرچینج سے شروع ہو گا اور کالاشاہ کاکو پر اختتام پذیر ہوگا جو کہ جی ٹی روڈ اور لاہور اسلام آباد موٹروے کا جنکشن ہے۔ اس بائی پاس کی تعمیر سے جی ٹی روڈ پر مشرقی اور شمالی لاہور کی طرف جانے والی ٹریفک کو سہولت ہوگی اس کے علاوہ کالاشاہ کاکو اور لاہور کے درمیان راوی پل اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے شدید بہاؤ میں کمی آئے گی۔ پنجاب حکومت کے مجوزہ شاہی باغ پارک منصوبے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بائی پاس علاقے میں سیاحت اور تجارت کی ترقی کے راستے کھولنے میں بھی معاون ہوگا۔ منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس کی تکمیل کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اری گیشن ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان ریلویز کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ بائی پاس کی تعمیر سے نہ صرف شہر کے اندر ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ لاہور شہر میں داخل ہوئے بغیر بھاری ٹریفک بغیر رکاوٹ گزرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔