خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم آزاد کشمیرآج کلثوم نواز کی عیادت کرینگے

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق بدھ کے روز علیل سابق خاتون اول کی عیادت کریں گے۔

نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹرز اور خاندانی ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی طبعیت انتہائی تشویش ناک ہے۔ سابق خاتون اول کی عیادت کیلئے مختلف سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی جانب سے عیادت کا سلسلہ بھی جاری ہے، جب کہ بدھ کے روز وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفت گو میں والدہ کی طبعیت سے متعلق بات کرتے ہوئے حسین نواز آبدیدہ ہوگئے۔ صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے، ایسے میں لوگ ابہام کی باتیں کرکے ان کے خاندان کو دکھ پہنچا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔ رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔

گزشتہ روز طبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضائے رئیسہ درست کام کررہے ہیں، وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد ایک بار انہوں نے آنکھیں بھی کھولیں جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے سابق خاتون اول کی نگہداشت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اہلیہ کلثوم نواز کی صحت سے متعلق انہیں اللہ سے ہی امید ہے، جب کہ کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی والدہ کی صحت یابی کے لیے قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔