خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم اوران کے صاحبزادے کے سعودی اسٹیل مل کے حوالے سے دعوے غلط نکلے

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادے حسین نواز کےدعووں میں تضاد سامنے آگیا، سعودی عرب میں قائم اسٹیل مل فروخت کرکے لندن میں فلیٹس خریدنےکےدعوےغلط نکلے۔ اپارٹمنٹس انیس سو اٹھانوے سے شریف خاندان کےزیراستعمال ہیں۔ پنامہ لیکس کے وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں اور صاحبزادی کی آف شور کمپنیوں کے بارے میں انکشافات نے تہلکہ مچادیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کو وضاحت کے لئے سرکاری ٹی وی پرآنا پڑا اورتحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بنانے کااعلان بھی کیا لیکن وزارت قانون کا کہناہے کہ انکوائری کمیشن بنے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وضاحتی خطاب میں بتایا کہ ان کے بیٹوں نے سعودی عرب میں اپنی اسٹیل مل بیچ کر کاروبار کیا۔ دوسری جانب حسین نواز نے اس کے برعکس بیان دیا کہ انہوں نے لندن میں واقع فلیٹس جو کہ انہوں نے دوہزار چھ میں لئے تھے ان پر قرضہ لے کرکاروبارکیا۔سعودی عرب میں اسٹیل مل فروخت کرکے ایک بڑی صنعتی ایمپائر خریدی گئی جس کے منیجنگ ڈائریکٹر حسین نواز تھے، اس رقم سے لندن میں فلیٹس خریدنے کا دعویٰ غلط ہے۔ اس سے پہلے لندن میں واقع چار فلیٹس کے بارے میں بھی دعویٰ جھوٹا نکلا۔حسین نواز نے بتایا کہ انہوں نے دوہزار چھ میں فلیٹس خریدے جبکہ صدیق الفاروق کا کہناہے کہ انیس سو چھیانوے میں جب وہ لندن گئے تو انہی فلیٹس میں گئے تھے۔ اس سلسلے میں بی بی سی کی پیپلزپارٹی کے دوسرے دور میں تیار کی گئی دستاویزی رپورٹ کو بھی ثبوت کے طورپردیکھا جاسکتا ہے۔