خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم آج شام قوم سے خطاب کریں گے

لاہور: (اے پی پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف آج شام قوم سے اہم خطاب کریں گے ۔ اپنے اہم خطاب میں وزیر اعظم پاکستان کشمیر پالیسی کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں گے ۔ وزیر اعظم کا یہ خطاب اس اہم موقع پر آ رہا ہے جب پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مظلوم کشمیری عوام صدائے احتجاج بلند کئے ہوئے ہیں اور پاکستان کے علاوہ مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں پاکستانی شہیری یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔ اس سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا ۔ بھارت یہ بات سمجھ لے کہ وہ اب نہ تو لوگوں کے ذہنوں پر تالے لگا سکتا ہے نہ ہی ان کی آواز دبا سکتا ہے ۔ پوری پاکستانی قوم بھارتی مظالم پر سراپا احتجاج ہے ۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ، سفارتی ، سیاسی اور انسانی حقوق کے ہر محاذ پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے ۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا پاکستان آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانی قوم آج کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرے گی جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم نے ہمیں اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے ۔ پاکستان نے عالمی سطح پر بھی ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے آواز اٹھائی ہے ۔ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کو اقوام متحدہ کی ناکامی قرار دیا ۔