خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم تاجکستان کے 2 روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف بدھ کی صبح تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔ جہاں وہ بجلی کے منصوبہ ’’کاسا 1000‘‘ کے آغاز کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان یہ دورہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کی دعوت پر کررہے ہیں ۔وفاقی وزیر پانی و بجلی اور دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سینئر حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔ شریک ممالک اور دیگر فریقین کے رہنماؤں کی بھی ’’کاسا 1000‘‘ کے آغاز کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔ ’’کاسا 1000‘‘ منصوبہ کے تحت تاجکستان اور کرغزستان موسم گرما کے دوران ایک ہزار میگاواٹ بجلی پاکستان کو اور 300 میگاواٹ بجلی افغانستان کو مہیا کریں گے۔ یہ منصوبہ 2018ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ منصوبہ کے تحت خریدی جانے والی بجلی سے موسم گرما میں پاکستان کو بجلی کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی، اس عرصہ میں تاجکستان میں فاضل پن بجلی دستیاب ہوتی ہے اور اس طرح یہ منصوبہ سب کیلئے سود مند ثابت ہو گا۔ ’’کاسا 1000‘‘ منصوبہ اپنے نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو پاکستان، افغانستان، تاجکستان اور کرغزستان کو بجلی کے گرڈ سے منسلک کرے گا۔ یہ منصوبہ علاقائی ہم آہنگی میں بھی معاون ہو گا جو خطہ کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف دورہ کے دوران تاجکستان کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں تجارت، توانائی، دفاعی تعاون سمیت وسیع تر دوطرفہ امور پر بات چیت ہو گی۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔