خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم جمعہ کوایوان میں جواب دیں گے :پرویز

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کئی مرتبہ اس ایوان کے رکن رہ چکے ہیں‘ وہ اس ایوان میں پہلے بھی بات کرتے رہے ہیں‘ اب بھی کریں گے‘ اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات پر وزیراعظم جمعہ کو ایوان میں جواب دیں گے ۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کا ماحول اچھا بنانے کی کوشش کی ہے جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم کئی مرتبہ اس ایوان کے رکن رہ چکے ہیں وہ پہلے بھی آتے رہے ہیں۔ انہیں یہاں بات کرکے خوشی ہوتی ہے اور بات سن کر بھی وہ خوش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبہ پر کمیشن بنانے کے لئے خط لکھ دیا گیا اور دونوں اطراف کے ٹی او آرز پر مل بیٹھ کر بات کرنے کی بات کی گئی۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ وہ اپنی سچائی کمیشن کے سامنے پیش کریں مگر کل سے اپوزیشن نے کمیشن کی بات کم کرکے وزیراعظم کے ایوان میں آنے پر زور دینا شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کے حوالے سے اجلاس میں جانا ہے۔ بدھ کو انہوں نے تاجکستان جانا ہے۔ جمعہ والے دن وزیراعظم ایوان میں آکر اٹھائے گئے سوالات کے جواب دیں گے۔ اپوزیشن کو اس وضاحت کے بعد واک آؤٹ کا فیصلہ واپس لینا چاہیے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ جمعہ کو ہی اپوزیشن ایوان میں آئے گی۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔