خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج گولن گول منصوبے کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم شاہد

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج گولن گول منصوبے کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو چترال میں گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے، منصوبہ کے پہلے یونٹ کی تکمیل سے 36میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جو چترال اورگردونواح کے علاقوں کی توانائی کی ضروریات پوری کرے گی۔ چترال میں2015ء کے شدید سیلاب کے بعد وفاقی حکومت نے واپڈا کوہدایت کی تھی کہ منصوبہ کے پہلے یونٹ کو جلد مکمل کرکے چترال اور نواحی علاقوں کو بجلی فراہم کی جائے تاکہ دور دراز اوردشوار گزار علاقوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ منصوبہ سے پیدا ہونے والی بجلی چترال اورنواحی علاقوں کی بجلی کی موجودہ ضرورت سے 3 گنا زائد ہے جو مستقبل کی بڑھتی ہوئی طلب کو بھی پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے چترال میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے قومی معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ قومی گرڈ میں ماحول دوست اورسستی بجلی شامل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ گولن گول منصوبہ چترال کے قریب دریائے مستوج پرقائم کیا جارہا ہے جس کی مجموعی پیداواری استعداد108 میگاواٹ ہے اور بجلی پیدا کرنے کے 3 یونٹ لگائے جائیں گے جن میں سے ہر یونٹ 36 میگاواٹ کی پیداوار کا حامل ہے۔ پہلا یونٹ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے یونٹ سے بجلی کی پیداوار رواں سال مئی تک شروع ہوجائے گی۔ منصوبہ سے ہر سال قومی گرڈ میں436 ملین یونٹ بجلی شامل ہوگی اور منصوبہ سے سالانہ3.7ارب روپے کے فوائد حاصل ہوں گے۔ منصوبہ کے منظور شدہ پی سی ون کے تحت منصوبہ کی لاگت29ارب روپے ہے اور واپڈا کے اپنے وسائل کے علاوہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)،سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ ، کویت ڈویلپمنٹ فنڈ اور اوپی ای سی فنڈ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ واپڈا کو منصوبہ کی تکمیل کیلئے مالی معاونت فراہم کررہے ہیں۔