خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

ڈیووس(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر اشراق نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ قومی صحت و خدمات کی وزیر سائرہ افضل تارڑ ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور دیگر سینئر حکومتی اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو وزیراعظم صحت پروگرام اور پورے ملک میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صحت کی مربوط سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں میڈ ٹرانک کو پاکستان میں تربیتی و تعلیمی مراکز کھولنے اور پاکستانی ہسپتالوں کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے صحت عامہ سے متعلق تحقیق و ترقی سے متعلق مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں صحت عامہ کی خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میڈ ٹرانک کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں صحت عامہ سے متعلق چیلنجوں اور نتائج پر مبنی صحت عامہ کی خدمات میں معاونت کی پیشکش کی۔ انہوں نے پاکستان میں حکومتی یا نجی سطح پر جدید ترین ہسپتالوں کے قیام میں شراکتداری کی پیش کش بھی کی۔ واضح رہے کہ میڈ ٹرانک دنیا بھر میں صحت عامہ کے مربوط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنی ہے جو امراض قلب، ذیابطیس اور دیگر بیماریوں کے انتظام و انصرام میں کلیدی خدمات فراہم کررہی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈیووس میں سینئر سعود ی وزراء کے مشرکہ گروپ کی ملاقات، پاکستان میں سعودی عرب کے متعدد ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا
ڈیووس، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی اور گہرے مراسم کے تناظر میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیووس میں سینئر سعود ی وزراء کے مشرکہ گروپ سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سعودی عرب کے متعدد ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سعودی وفد میں وزیر خزانہ محمد الجدان، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القصاب، وزیر توانائی خالد الفلیح اور وزیر مملکت ابراہیم الصاف شامل تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور دیگر سینئر حکومتی اہلکار بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سعودی حکومت کے ساتھ جن منصوبوں پر گفت و شنید ہوئی ہے ان کی تیز رفتاری سے پیروی کی جائے گی اور اس ضمن میں پاکستان کے سینئر حکام پر مشتمل وفد آئندہ چند ہفتوں میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔ وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لئے نیک خواہشات اور تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔