خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

اگلے15سال

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سرسبز پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کے دوران سرسبز پاکستان اور صحت مند ماحول کے فروغ کے لئے ملک بھر میں پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان اور رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر مہم کی کامیابی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔ گرین پاکستان پروگرام کے تحت 10کروڑ اضافی پودے لگائے جائیں گے۔ سال 2016-21ء کے عرصہ کے لئے اس پروگرام کی مجموعی لاگت 3.652 ارب روپے ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سرسبز پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں بالخصوص کاشتکار برادری، طالب علموں، ارکان پارلیمان، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور خواتین پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم 2018ء میں سرگرمی سے شرکت کریں۔ اس امر کے باعث یہ مہم بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان کے قدرتی جنگلات کو موسمیاتی تبدیلی، انسانی و صنعتی ضروریات کے لئے لکڑی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمی کا خطرہ لاحق ہے۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت جنگلات کے فروغ اور ملک میں جنگلات کے رقبے میں اضافے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اس مہم میں شریک ہوگی اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں، تعلیمی اداروں کے اشتراک کار سے پودے لگائے گی۔ اس مہم کے دوران پارکوں، مارگلہ کی پہاڑیوںِاور گرین بیلٹس پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ صحت مند ماحول کے لئے شہر کو زیادہ سے زیادہ سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔