خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکمانستان کےصدرسے ملاقات

وزیراعظم شاہد

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکمانستان کےصدرسے ملاقات

اشک آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ تاپی منصوبہ پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے ملاقات کی جس میں توانائی، تجارت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تاپی منصوبے پرعملدرآمد کو ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کی کامیابی قرار دیا اور اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع ترفوجی اور دفاعی تعاون کی ضرورت پرزور دیا اور ترکمانستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعظم پاکستان نے ترکمانستان سے بجلی کی ممکنہ خریداری کے حوالے سے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے ترکمانستان کی مسلسل غیرجانبدار رہنے کی پالیسی اور اقوام متحدہ میں صدر قربان علی بردی محمدوف کے اقدامات پرپاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف نے تاپی اور اسے متعلقہ منصوبوں کی آج ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آمد پران کا شکریہ ادا کیا۔ ترکمانستان کے صدر نے گوادر بندرگاہ کے منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم، سائنس، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون مستحکم بنانے کی امید بھی ظاہر کی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پرترکمانستان پہنچے جہاں وہ آج تاپی گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔