خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد

وزیراعظم کا اسٹیل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد

کراچی :(ملت آن لائن) سندھ ہائی کورٹ میں نواز شریف کے نامزد کردہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست عدالت نے ابتدائی مرحلے پر ہی مسترد کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، سماعت کے دوران عدالت میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کے بعد سے نواز شریف کے تمام فیصلے غیر قانونی قرار دیے، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ نواز شریف صادق و آمین نہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی نواز شریف نے بطور وزیر اعظم نامزد کیا، نواز شریف کے نامزد کردہ شاہد خاقان عباسی کی بطور وزیر اعظم نامزدگی غیر قانونی قرار دی جائے اور اسیپکر قومی اسمبلی کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت دی جائے۔ عدالت نے درخواست گزارمولوی اقبال حیدر پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی نے وزیر اعظم کو منتخب کیا، آئندہ اس طرح کے بے بنیاد مقدمات عدالت میں نہ لائے جائیں۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیساتھ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی عبوری اور شہباز شریف مستقل وزیراعظم نامزد
یاد رہے کہ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم جبکہ شہبازشریف کو مستقل وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کو 45دنوں کے لیے وزیر اعظم بنایا جائے گا، جس کے بعد مستقل طور پر شہباز شریف کو وزیر اعظم بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔