خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سالگرہ کے موقع پرتصویرمنظرعام پرآگئی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سالگرہ کے موقع پرتصویرمنظرعام پرآگئی

کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں انہیں اپنی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم تصویر میں ایک عام سی شال اوڑھے ہوئے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کے بیٹے کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر میں شاہد خاقان عباسی کی سادگی کی سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی کی جارہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر 1958ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد رواں سال یکم اگست کو انہوں نے بطور وزیراعظم حلف اٹھایا۔ شاہد خاقان عباسی کا سیاسی کیرئیر 30 سال پر مشتمل ہے اور وہ اس عرصے کے دوران 6 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی کراچی سے حاصل کی اور لارنس کالج مری سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی اور اسی شعبے سے اپنے کیرئیر کا سفر شروع کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے 1985 میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے امریکا میں مختلف پوزیشن پر کام کیا اور سعودی عرب میں بھی آئل اینڈ گیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دیں۔ شاہد خاقان عباسی نے 1988 میں والد کے انتقال کے بعد سیاست میں قدم رکھا اور اسی سال مری کے حلقہ این اے 50 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 1990 کے انتخاب میں انہوں نے عوامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی اور پارلیمانی سیکریٹری برائے دفاع بنے جس کے بعد 1993 کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر این اے 50 سے ہی تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے اور قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع کے چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ 1997 کے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پی آئی اے کے چیرمین بھی رہے جب کہ مشرف دور حکومت میں 2 سال جیل میں رہے جس کے بعد عدالت نے انہیں 2001 میں بری کیا۔ 2002 کے عام انتخابات میں شاہد خاقان عباسی کو پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن 2008 کے الیکشن میں وہ پانچویں مرتبہ کامیاب ہوئے اور مخلوط حکومت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وفاقی وزیر تجارت کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ میں شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر پیٹرولیم خدمات انجام دیں اور اس دوران انہوں نے ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے ایل این جی بھی متعارف کرائی۔ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نجی ایئر لائن ایئر بلیو کے مالک بھی ہیں۔