خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم عمران خان مسلم دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل

اسلام آباد :(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کو مسلم دنیا کے با اثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا، عمران خان کے علاوہ مزید تین پاکستانی بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے خدمت خلق، آرٹ اینڈ کلچر، سائنس، ٹیکنالوجی، سیاست اور مذہبی معاملات میں انتظامی صلاحیتوں سمیت مختلف 13 کیٹگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ سو بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست سال 2019 جاری کردی۔

وزیراعظم عمران خان کا نام مسلم دنیا کی 50 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا گیا ہے، فہرست میں عمران خان کا نام انتیسویں نمبر پر ہے۔

جاری کردہ فہرست میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ مزید تین پاکستانی بھی شامل ہیں، جن میں جسٹس شیخ محمد تقی عثمانی ،امیرتبلیغی جماعت حاجی محمد عبد الوہاب، اور مولاناطارق جمیل ہے۔

مولوی تقی عثمانی چھٹے، حاجی عبدالوہاب 19 ویں اور مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب مسلم حمکران اور رہنماؤں کی فہرست میں عمران خان کا 15واں نمبر ہے۔

مسلم دنیا پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی شخصیات میں پہلے نمبر پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ، دوسرے نمبر پرسعودی فرمان رواسلمان بن عبدالعزیز، اور تیسرے نمبر پر اردن کے کنگ عبداللہ ہیں۔