خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم لندن میں اپنےعلاج کےبعدآج وطن واپس پہنچیں گے

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نوازشریف لندن میں اپنے علاج کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے اس سلسلے میں قومی ایئر لائن نے حکومت کی ہدایت پر وزیر اعظم کو وطن واپس لانے کے لیے بوئنگ 777 طیارہ فلائٹ آپریشن سے الگ کردیا ہے جس سے قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے نقصان پہنچے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف آج لندن سے وطن واپس پہنچیں گے جب کہ ان کے ہمراہ اہل خانہ کے علاوہ قریبی وزیر و مشیر اور ارکان پارلیمنٹ بھی ہوں گے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے پی آئی اے کو خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے بعد پی آئی اے نے وزیر اعظم کو لندن سے وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طور پر بوئنگ 777 طیارے کو فلائٹ آپریشن سے الگ کردیا ہے۔ طیارے میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے ساتھیوں اور اہل خانہ کو وطن واپس لانے کے لئے خصوصی نشستیں لگائی گئی ہیں اور اسے جراثیم سے پاک کرنے کے لیے ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا جب کہ طیارے میں پائلٹ اور عملے کے علاوہ کوئی سفر نہیں کرے گا۔ وزیراعظم نوازشریف کے لئے بوئنگ 777 کو فلائٹ آپریشن سے الگ کرنے پر قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا ، اس کے علاوہ اس سے امریکا ، ٹورنٹو ، پیرس اور مدینہ منورہ کی پروازوں میں بھی 18 گھنٹے تک تاخیرہوسکتی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی جس کے بعد وہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر کئی ہفتوں سے وہیں مقیم تھے۔