خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں افغانستان کے مسئلہ کا بھی احاطہ کیا

نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بدھ کو اپنے خطاب میں افغانستان کے مسئلہ کا بھی احاطہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں حالیہ جنگ کے 15 سالوں کے بعد بین الاقوامی برادری اتفاق کرتی ہے کہ اس ملک میں پائیدار امن کا واحد راستہ کابل میں حکومت اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے ذریعے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب افغان فریقین خود اس نتیجہ پر پہنچیں گے کہ افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے تب بھی پیشرفت ممکن ہو گی۔ افغانستان میں تنازعہ اور بدامنی کی ساڑھے تین دہائیوں سے زائد کے عرصہ نے پاکستان پر سنگین سیکورٹی اور اقتصادی اثرات مرتب کئے ہیں۔ تقریباً 30 لاکھ افغان مہاجرین جن کیلئے ہم نے اپنے گھر بار اور دلوں کو کشادہ کیا، ابھی تک پاکستان میں موجود ہیں، ہم ان کی رضا کارانہ اور باعزت افغانستان واپسی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔