خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ’’مشن کشمیر‘‘ کا عکاس تھا

نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کا بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب ’’مشن کشمیر‘‘ کا عکاس تھا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجوں کے انخلاء، حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی ہلاکت کے جائزہ کیلئے اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور شفاف استصواب رائے دلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت اقوام متحدہ کو پیش کریں گے۔