خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم محمد نواز شریف کی حلقہ این اے 101 وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ کو مبارکباد

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے حلقہ این اے 101 وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر بھرپور اعتماد کرنے پر وزیر آباد کے عوام کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں عوام کا فیصلہ ناصرف ملک میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے بلکہ یہ ملک کے ہر شہری کی زندگی میں انقلاب برپا کرنے کیلئے ہمیں مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم معاشرتی اقتصادی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنے کے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔جس میں عام آدمی کی زندگی کو آسانیاں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ وزیر آباد کے عوام کا ہم پر دوبارہ اعتماد کا اظہار عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشے گا، ہم عوام کی زندگی میں خوشیاں اور خوشحالی لانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں نے ملک کے دور دراز علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ کیا ہے، ہم یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان صرف اسی صورت میں آگے بڑھے گا جب ملک کے تمام حصوں کو اصلاحاتی ایجنڈا میں شامل کیا جائے گا، ہم اللہ تعالی کے شکرگزار ہیں اور پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو ملک کو مضبوط، ترقی یافتہ اور جدید بنانے میں ہمارے ساتھ تعاون کرتے ہیں