خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم مودی پاکستان کے ساتھ امن برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں،بھارتی سیکرٹری خارجہ

نئی دہلی (آئی این پی )بھارت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے اسکی اولین ترجیح دہشتگردی سے نمٹنا ہے ، ،وزیراعظم مودی پاکستان کے ساتھ امن برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں،دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے الگ تھلگ نہیں رہنا چاہیے،تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے،بھارت پاکستان کے ساتھ ویسے ہی تعلقات چاہتا ہے جیسے اسکے دیگر پڑوسیوں کے ساتھ ہیں۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے کہاکہ پاکستان کے حوالے سے بھارت کی ترجیح واضح ہے ،پہلے دہشتگردی سے نمٹا جائے مذاکرات بعد کیے جائیں ۔پٹھانکوٹ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کی حکومتیں قومی سلامتی کے مشیر وں اور خارجہ سیکرٹریوں کے ذریعے رابطے میں رہیں۔ایک دہشتگرد حملے کے بعد اگرآپ مجھ سے پوچھیں گئے کہ ہماری ترجیح دہشتگردی سے نمٹنا ہے یا سفارتی بات چیت تو جواب واضح ہے ۔بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کے ساتھ امن برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں،دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے الگ تھلگ نہیں رہنا چاہیے۔تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ۔بھارت پاکستان کے ساتھ ویسے ہی تعلقات چاہتا ہے جیسے اسکے دیگر پڑوسیوں کے ساتھ ہیں۔