خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نااہلی: ’حیرانی نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا‘مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انہیں پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر حیرانی نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا۔

فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا ’ اگر پاکستان کے سیاسی، جمہوری اور تاریخی پسمنظر میں دیکھا جائے تو آج کے فیصلے پر حیرانگی نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے، سیاست اور دوسرے طریقوں سے جب جب نواز شریف کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا، پاکستان کی عوام پہلے سے زیادہ تعداد میں اور پہلے سے زیادہ محبت سے انہیں اقتدار میں واپس لائی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم تیسری مرتبہ عوام سے منتخب ہوئے لیکن ایک بھی کرپشن کا لفظ اس فیصلے کے اندر بھی اسٹیبلش نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزیراعظم کی کرسی کی ضرورت نہیں۔ ’نواز وہ حقیقت ہے جس کو کسی طرح بھی پاکستان کی عوام کی خدمت سے روکا نہیں جاسکتا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹی اپنی آئینی اور قانونی ٹیم سے مشورہ کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گی۔

اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف اقامے کی وجہ سے نااہل ہوئے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجازافضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ کورٹ نمبر ایک میں فیصلہ سنایا۔

جسٹس اعجاز افضل خان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بینچ کے پانچوں ججوں نے وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا۔ وزیراعظم نوازشریف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نا اہل قرار دیا گیا۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہےکہ وہ فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹی فکیشن جاری کرے۔