اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان اورقطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ (آج) بدھ کو قطر پہنچیں گے۔ منگل کو یہاں پاکستان ایئر فورس کی پریس ریلیز کے مطابق فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی اس دورہ میں وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ دورہ کے دوران پاکستان اور قطر دفاعی شعبوں میں تعاون کے شعبوں میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ دورہ کو ایک یادگار موقع بنانے کیلئے دو جے ایف 17 تھنڈر اور دو سپر مشاق طیارے پاک فضائیہ کے دستہ کے ہمراہ پہلے ہی دوحہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ شاندار فضائی مظاہرہ کریں گے۔ امیر قطر تمیم بن حماد الثانی اور وزیراعظم محمد نوازشریف دونوں ممالک کے دیگر سینئر سرکاری حکام کے ہمراہ ایئر شو دیکھیں گے ۔ توقع ہے کہ اس سرگرمی سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعلقات مضبوط ہونگے جو نئی بلندیوں پر پہنچیں گے۔ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو جدید تربیتی طیارے کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کے لڑاکا طیارے تیار کر رہا ہے۔