خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ترقی وخوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کریں گے،شہبازشریف

لاہور۔10 جولائی(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کریں گے۔ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں بہتر ،پرامن اورمعاشی طورپر مضبوط ہے ۔وزیراعظم نوازشریف کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ملک کی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے ہماری مخلصانہ کاوشیں بار آور ثابت ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے بے پناہ کام ہوا ہے اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کی جدوجہد رنگ لائے گی۔جلد ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور 2018ء میں ملک’’روشن پاکستان‘‘ ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی اور عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔